کراچی کے علاقے ملیر کینٹ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی دکاندار اسپتال میں دم توڑ گیا۔ دکاندار کی دو دن بعد شادی کی تقریبات شروع ہونا تھیں۔
اہل خانہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا لیکن کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہو سکی۔
ملیر کینٹ کے قریب سید ولیج میں 6 مارچ کو دودھ کی دکان پر ایک ملزم پہنچا اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرنا چاہی، اس دوران دکاندار جمیل نے مزاحمت کی جس پر ملزم نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا۔
فائرنگ کے باعث جمیل کو پیٹ میں گولی لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، اسے فوری طور پر قریبی واقع نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چند روز زیر علاج رہنے کے بعد جمعرات کو انتقال کر گیا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ چند روز بعد ہی جمیل کی شادی طے تھی اور تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف ملیر کینٹ تھانے میں درج کروادیا گیا تھا لیکن اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی ہے۔
پولیس نے اطراف میں لگے کچھ کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی ہیں لیکن ان سے بھی کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔