کراچی کے علاقے سعید آباد سے لاپتہ ہوئی 5 لڑکیاں ناظم آباد سے بازیاب کرا لی گئیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 15 فروری کو لڑکیوں کے اغواء کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ لاپتہ لڑکیوں کو ناظم آباد کے کنڈو گوٹھ سے بازیاب کرایا گیا ہے، بازیاب 3 لڑکیاں سگی بہنیں اور 2 ان کی کزن ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق بازیاب لڑکیوں کی عمریں 15 سے 19 سال کے درمیان ہیں، ان لڑکیوں کا آبائی تعلق سرگودھا سے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکیاں مرضی سے گھر چھوڑ کر گئی تھیں، پانچوں لڑکیاں ناظم آباد میں قائم دھاگا فیکٹری میں کام کر رہی تھیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا ہے کہ عدالتی احکامات پر لڑکیوں کو دارلامان یا شیلٹر ہوم منتقل کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھاگا فیکٹری کے مالک اور ٹھیکے دار کو بھی چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔