میرپورخاص میں غیر ملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں گرفتار ملزمان کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل میرپورخاص میں غیرملکی فوڈ چین کو آگ لگانے اور پولیس پر حملہ کرنے کے مقدمے میں گرفتار 36 ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے 36 ملزمان میں سے 22 کو چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے جبکہ 14 ملزمان کو جیل بھیج دیا۔
ملزمان نے 8 اپریل کی رات غیر ملکی فوڈ چین پر پتھراؤ کیا اور آگ لگا دی تھی جبکہ موقع پر پہنچنے والی پولیس پر بھی حملہ کیا، پولیس نے 200 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی ویڈیو اور تصاویر کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔