• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی چینی باشندوں پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

فوٹ: فائل
فوٹ: فائل

پاکستان نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی باشندوں پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر بشام کے قریب دہشت گرد حملے میں 5 چینی شہری ہلاک ہوگئے۔ دہشتگرد حملے میں 1 پاکستانی شہری بھی جاں بحق ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان دہشتگردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشتگردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کا عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی، ایسی تمام قوتوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور شکست دیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حملے میں ہلاک چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبہ جات کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے پاکستان چینی بھائیوں سے مل کر کام کرتا رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید