• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکاٹش حکومت کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا، لیبر پارٹی نے تحریک جمع کرادی

لندن (پی اے) سکاٹش حکومت کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے اور لیبر پارٹی نے اس مقصد کیلئے تحریک جمع کرا دی ہے۔ تحریک کی کامیابی کی صورت میں تمام وزیروں کو اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔ لیبر پارٹی نے یہ تحریک فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کی جانب سے گرین کے ساتھ ہائوس پاور شیئرنگ کا سمجھوتہ ختم کئے جانے کے بعد جمع کرائی ہے۔ اس تحریک سے پیدا ہونے والے دبائو کی وجہ سے حمزہ یوسف نے پیر کو استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا تھا۔ توقع ہے کہ یہ تحریک گرین کی حمایت کے بغیر ہی کامیاب ہوجائے گی۔ گرین نے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کی جانب سے استعفیٰ دینے کے اعلان کے بعد تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ توقع ہے کہ تحریک پر بحث کے دوران حمزہ یوسف اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں گے۔ سکاٹش لیبر پارٹی کے رہنما انس سرور نے کہا ہے کہ حمزہ یوسف کے مستعفی ہونے کے اعلان کے باوجود ان کی پارٹی تحریک عدم اعتماد پر زور دے گی کیونکہ وہ نہیں سمجھتے کہ ایس این پی کوئی مستحکم اور باصلاحیت حکومت قائم کرسکتی ہے۔ انھوں نے کہا اب اس بات کا انحصار دوسری سیاسی پارٹیوں پر ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد پر کس طرح ووٹ دیتی ہیں اور کس کی حمایت کرتی ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں ہماری تحریک اصول کے مطابق ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اس پر زور دے رہے ہیں۔ فرسٹ منسٹر کے خلاف لیبر پارٹی اور ٹوریز کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریکیں گزشتہ ہفتے پیش کی گئی تھیں۔ سکاٹش ٹوری رہنما ڈگلس راس نے منگل کو اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی پارٹی نے اپنی پیش کردہ تحریک واپس لے لی ہے کیونکہ حمزہ یوسف کے مستعفی ہونے کے بعد اس کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔ انھوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کا مقصد اس بات پر بحث کرنا ہوتا ہے کہ آیا افسران یا لیڈران اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں یانہیں؟۔ سکاٹش پارلیمنٹ نے اس تحریک کو ایک ایسی تحریک قرار دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے ارکان پارلیمنٹ کو حکومتی وزرا، فرسٹ منسٹر اور تمام سکاٹش وزرا پر اعتماد نہیں ہے۔ اس طرح یہ تحریک ثابت کرے گی کہ ایس این پی کی حکومت اقتدار میں رہنے کے قابل نہیں ہے، اس تحریک کی کامیابی کی صورت میں تمام وزرا کو استعفیٰ دینا پڑے گا، اس کے بعد پارلیمنٹ کو 28 دن کے اندر نئے فرسٹ منسٹر کا انتخاب کرنا ہوگا اور اگر ایسا نہیں ہوسکا تو قبل از وقت انتخاب کرایا جائے گا۔ توقع ہے کہ لیبر، ٹوریز اور لبرل ڈیموکریٹس تحریک کی حمایت کریں گے۔ تاہم اس کی منظوری کیلئے گرین پارٹی کے7 ارکان کی حمایت کی ضرورت ہوگی لیکن سکاٹش گرین کی بزنس منیجر Gillian Mackay نے انس سرور پر زور دیا ہےکہ وہ بھی ٹوریز کی طرح تحریک واپس لے لیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ لیبر پارٹی نے معاملات پر قبضہ کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پر زور دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور اس سے پارلیمنٹری گیم شروع ہوجائے گا۔

یورپ سے سے مزید