• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی منتظر دوسری طرف تنقید بھی جاری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی منتظر ہے لیکن دوسری طرف عمران خان نے فوجی قیادت پر کڑی تنقید کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے.

آزادئی صحافت کے عالمی دن پر پاکستان کیلئے ایک سے زائد افسوسناک خبریں سامنے آئی ہیں،سینئر صحافی و تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کی خواہش بڑھتی جارہی ہے، عمران خان کو فی الحال تمام کیسوں میں ضمانت ملتی نظر نہیں آرہی ہے.

 پی ٹی آئی سمجھتی تھی شہباز حکومت چل نہیں سکے گی لیکن حکومت کو کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا، اس وقت معیشت سمیت تمام معاملات پر اسٹیبلشمنٹ اور حکومت ایک ساتھ کوششیں کررہے ہیں۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں مزید کہاکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات اور بات چیت کے بارے میں تحریک انصاف کے دعوے تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں، پہلے دعویٰ کیا گیا کہ نہ کوئی ڈیل کریں گے نہ ڈھیل لیں گے، پھر دعویٰ بدلا اور شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ڈیل صرف سیاسی قوتوں سے ہوسکتی ہے، مگر ایک بار پھر دعویٰ بدلا اور تحریک انصاف کے رہنما اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہش ظاہر کرنے لگے.

 عمران خان نے برطانوی اخبارمیں آرٹیکل لکھ کر ایک دفعہ پھر براہ راست فوجی قیادت پر سنگین الزامات لگائے ہیں جس میں خود کو اور بشریٰ بی بی کو کچھ بھی ہونے کی صورت میں انہیں ذمہ دار ٹھہرایا ہے، اس آرٹیکل میں چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید