وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای سے تہران میں ملاقات کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای سے ملاقات میں صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے المناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر رئیسی ایک وژنری رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لیے صدر رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے مرحوم صدر رئیسی کے اپریل 2024 میں دورۂ پاکستان کا ذکر بھی کیا اور پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے میں صدر رئیسی کے کردار کی تعریف کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک ایران تعلقات مزید مستحکم کرنے، تجارت بڑھانے کا مرحوم ایرانی صدر کا وژن جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے ایرانی حکومت اور عوام سے دوستی مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے کیے گئے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں، ہم پاک ایران تعلقات میں مرحوم ایرانی صدر رئیسی کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔