پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی شائقینِ کرکٹ کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی ترانہ جاری کر دیا۔
پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز پر گلوکار علی عظمت، عارف لوہار اور نہال نسیم کی آواز میں نیا ترانہ ’ساڈی واری اوئے‘ جاری کیا ہے۔
ترانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ ترانہ ہمارے شائقین کے غیر متزلزل جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہے جو ہر فتح اور چیلنج کے وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔
کیپشن میں پاکستانی شائقین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ آئیے مل کر ٹی 20 ورلڈ کپ حاصل کرنے کے اس سفر میں اپنی ٹیم کا ہمیشہ کی طرح حوصلہ بڑھائیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے کرکٹ کے میدان سج گئے ہیں، پہلے میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گا۔