• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، وزیر اعظم

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار کرنے اور ترقی کیلئے چین کے ماڈل سے استفادہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، بدعنوانی کے خاتمہ، بنیادی ڈھانچہ میں تبدیلی اور برآمدات کےفروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری کو معاشی اہداف کے حصول کیلئے نتیجہ خیز بنائیں، سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ون بیلٹ ون روڈ صدر شی کا شاندار منصوبہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ میں پاک چائنا فرینڈشپ اینڈ بزنس ریسپشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چائنا فرینڈشپ اینڈ بزنس ریسپشن کی تقریب سے خطاب میرے لئے اعزاز ہے، پاکستان اور چین کی غیر مشروط دوستی کا طویل سفر باہمی اعتماد اور احترام کے رشتوں پر قائم ہے، یہ پائیدار دوستی سرحدوں سے باہر اب خلاؤں میں پہنچ چکی ہے، چین کی کم عرصہ میں تیز رفتار ترقی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، پاکستان 24 کروڑ آبادی کا ملک ہے ، پاکستان کے سعودی عرب ،یو اے ای ،کویت ، ایران، افغانستان اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں لیکن پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی ،یہ دوستی ذاتی مفاد کے لئے نہیں ،چین نے سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سمیت ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،یہ نہ ختم ہونے والی دوستی اور تعلق ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے لوث اور ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ۔

اہم خبریں سے مزید