• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توہینِ مذہب کے الزام میں ڈاکٹر کو جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا، وزیر داخلہ سندھ


وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا کہنا ہے کہ توہینِ مذہب کے الزام میں ڈاکٹر شاہ نواز کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا، واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں بخشا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار، صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن نے کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

 ضیاء لنجار کا کہنا تھا کہ جو افسران اس میں ملوث ہیں ، ان کے خلاف مقدمہ درج کروا رہے ہیں، ان سے سوال کیا گیا کہ اس واقعے میں سیاسی افراد بھی شامل تھے ، اُن کے خلاف کیا کارروائی کی جا رہی ہے؟ جس کے جواب میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ جو لوگ بھی اس واقعے میں ملوث ہیں اُن سب کےخلاف کارروائی ہوگی۔

اس موقع پر ضیاء لنجار نے کہا کہ ایک ڈی آئی جی اور ایس پی کا معطل ہونا اور تحقیقات ہونا ایسا کم ہی دیکھا ہے، اگر ڈاکٹر شاہنواز کی فیملی ایف آئی آر نہیں کٹوائے گی تو سندھ حکومت کٹوائے گی۔

 ضیاء لنجار  نے کہا کہ یہ رپورٹ صرف جعلی پولیس مقابلے سے متعلق ہے، پولیس اپنے آپ کو کلیئر کرے، جعلی مقابلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں ایک واقعہ ہوا، اس کے بعد میرپورخاص میں ایک واقعہ ہوا، سندھ اسمبلی میں انکاؤنٹر کرنے والے افسران کو معطل کرنے کا کہا گیا،  ایک ڈی آئی جی اور ایس پی کا معطل ہونا اور تحقیقات ہونا ایسا کم ہی دیکھا ہے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت تھی تحقیقات جلد مکمل ہوں۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمر کوٹ واقعے کی انکوائری کمیٹی کی سربراہی پرویز چانڈیو نے کی، کمیٹی کے مطابق واقعہ پولیس مقابلہ کہا گیا جو غلط تھا جعلی مقابلہ ہوا، واقعے کی تفصیل سے تحقیقات کی گئیں، سی ڈی آر، ٹریکر، سی سی ٹی وی ویڈیو کا جائزہ لیا گیا، 31 صفحات پر مبنی رپورٹ تیار کی گئی ہے۔

ضیاء لنجار نے کہا کہ ہمارے افسران اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف ایف آئی آر کا آرڈر کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کو بھی اس سےمتعلق بریفنگ دی گئی، ایس ایس پی میرپورخاص کو معطل کر دیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کی جائے گی، فیملی ایف آئی آر جلد کٹوائے، ہم نے انکوائری سے متعلق فیملی کو بتا دیا ہے، سپریم کورٹ کے مطابق ایف آئی آر ایک ہی کٹ سکتی ہے، اگر مقتول کی فیملی ایف آئی آر نہیں کرواتی تو ریاست ایف آئی آر کٹوائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 6 ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں، ابھی بھی تحقیقات جاری ہیں، 6 ایف آئی آر کے بعد نیا ڈی آئی جی لگا دیا ہے، ایس ایس پی شہید بے نظیر آباد کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید