• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّفہ: نشاط یاسمین خان

صفحات: 160، قیمت: 700 روپے

ناشر: فکشن ہاؤس، کراچی۔

فون نمبر: 32603056 - 021

زیرِ نظر کتاب کی مصنّفہ نے اپنے ادبی سفر کا آغاز افسانہ نگاری سے کیا۔ وہ ناول نگار بھی ہیں اور سفر نامہ نگار بھی، جب کہ بچّوں کے ادب پر بھی اُن کی گہری نگاہ ہے۔ اب ایک مزاح نگار کی حیثیت سے بھی اُن کی شناخت بن گئی ہے، حالاں کہ مزاح لکھنا دو دھاری تلوار پر چلنے کے مترادف ہے کہ یہ ہما شما کے بس کی بات نہیں، لیکن یہ بھی طے ہے کہ جو شخص اچھی حسِ مزاح رکھتا ہے، کام یابیاں اُس کے قدم ضرور چومتی ہیں۔

نشاط یاسمین خان کی کتاب’’ امّاں نامہ‘‘ نے غیر معمولی شہرت اور مقبولیت حاصل کی تھی، جس میں اُنھوں نے خاندانی زندگی، روزمرّہ کے معاملات اور حالات و واقعات نہایت دل نشین انداز میں پیش کیے تھے۔ زیرِ نظر کتاب’’ ابّا نامہ‘‘ بھی بہت دل چسپ پیرائے میں تحریر کی گئی ہے۔ اِس کتاب کے مضامین میں کہیں قہقہے ہیں، تو کہیں مسکراہٹیں، کہیں چاہتوں کے بول ہیں، تو کہیں طنز کے میٹھے میٹھے نشتر، کہیں ہلکی پھلکی شراتیں ہیں، تو کہیں مزاح کے دل کش شگوفے۔

ہماری رائے میں تو ان شگفتہ مضامین کو شگفتہ کہانیاں اور شگفتہ واقعات بھی کہا جاسکتا ہے۔ یوں بھی نشاط یاسمین خان کا ہر مضمون ایک نیا ہی رنگ و آہنگ لیے ہوئے ہے۔ قصّہ مختصر، مزاح نگاری کے حوالے سے یہ ایک بہترین کتاب ہے، جس میں پروفیسر سلیم اختر، ڈاکٹر اشفاق احمد ورک، ڈاکٹر ذوالفقار علی، محمّد عثمان جامعی، ڈاکٹر انعام الحق جاوید، ڈاکٹر فوزیہ مقبول اور مظہر شہزاد خان کے توصیفی مضامین بھی شامل ہیں۔

سنڈے میگزین سے مزید