• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش: شیخ مجیب الرحمٰن کا دیو ہیکل مجسمہ بھی مظاہرین کے نشانے کی زد میں


بنگلا دیش میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران مظاہرین نے سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمٰن کا دیو ہیکل مجسمہ بھی توڑ دیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں احتجاجی مظاہرین کو گزشتہ روز ڈھاکا میں شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمٰن کے مجسمے پر چڑھ کر اسے ہتھوڑوں سے توڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے سے قبل کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 15 برس سے برسرِ اقتدار میں رہنے والی شیخ حسینہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ہزاروں مظاہرین نے آج فوجی کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر حملہ کر دیا تھا۔

تاہم اس حملے سے قبل ہی، آرمی چیف جنرل وقار الزماں کی جانب سے 45 منٹ کا الٹی میٹم ملنے پر استعفیٰ دے کر فوجی ہیلی کاپٹر میں وزیرِاعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ملک چھوڑنے سے قبل عوام سے خطاب کرنا چاہتی تھی، مگر انہیں قوم سے مخاطب ہونے کا موقع نہیں دیا گیا۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کےخلاف ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد300 ہو گئی۔

ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذہے، ریلوے سروسز غیر معینہ مدت کیلئے معطل اور گارمنٹ فیکٹریاں بھی بند ہیں۔

حالیہ احتجاج کے دوران دوسری بار حکومت نے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز بند کر دیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور واٹس ایپ سروس بھی معطل ہیں۔