آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تیاریوں کے تحت نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے بارے میں مشکل فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ہم اس اہم کردار کو سمجھتے ہیں، جو ہمارے پُرجوش تماشائی کرکٹ میں ادا کرتے ہیں، ہمارے مداحوں کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ تمام دستیاب آپشنز پر غور کرنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سب سے محفوظ طریقہ یہ ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کو خالی اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں ٹکٹوں کی فروخت فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے، وہ شائقین جنہوں نے پہلے ہی ٹکٹ خریدے ہیں انہیں خریداری کے وقت فراہم کردہ اکاؤنٹ کی تفصیلات میں جمع کی گئی رقم خود بخود مکمل واپس مل جائے گی۔
کرکٹ بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمیں اس کی وجہ سے ہونے والی کسی بھی تکلیف پر افسوس ہے، ہم اپنے قابلِ قدر شائقین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اسٹیڈیم میں جاری تزئین و آرائش کو مزید تماشائیوں کے لیے سازگار بنانا اور اسے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے تیار کرنا ہمارے عزم کا حصہ ہے۔