وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی بجلی کے بلوں پر سبسڈی سے اب کوئی مسئلہ نہیں۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات صرف بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے پر ہو رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دوست ممالک سے روول اوور کے بارے میں آئی ایم ایف مطمئن ہے، ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس وصولیوں پر آئی ایم ایف سے کوئی بات نہیں ہو رہی، وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کو بہتر بنانے پر بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای بینک اور ایک گلوبل بینک سے کمرشل قرض پر بات چیت جاری ہے، کمرشل بینکوں سے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے، اُمید ہے جلد مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔
وزارتِ خزانہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پوری کوشش ہے کمرشل بینکوں سے کمٹمنٹ جلد حاصل کر لیں، یہ فیصلہ پاکستان نے کرنا ہے کہ کمرشل بینکوں سے یہ رقم کس وقت لی جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ کمرشل بینکوں سے کم سے کم شرحِ سود پر قرض لیں، آئی ایم ایف ایگزیکیٹو بورڈ سے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری جلد متوقع ہے۔