• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آئی ٹی شعبے کے نوجوانوں کی تربیت، گوگل کا حکومت پاکستان سے تعاون کا فیصلہ


دنیا کی نامور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے آئی ٹی سے وابستہ نوجوانوں کی تربیت کرنے کےلیے حکومت پاکستان سے تعاون کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کہا گیا کہ گوگل کے ایشیاء پیسیفک ریجن کے صدر اسکاٹ بیومونٹ کی قیادت میں گوگل کے 4 رکنی وفد نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیجیٹائزیشن کی جانب گامزن ہے۔

اگلے پانچ سالوں میں 25 بلین امریکی ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے حکومتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ریگولیٹری نظام کی بہتری کےلیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے گوگل جیسی بڑی آئی ٹی کمپنی کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں گوگل کے کردار کو سراہا اور اس کے ان اقدامات کی تعریف کی جن کی بدولت گزشتہ چند سالوں میں ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گوگل نے صرف 2023 میں پاکستانی نوجوانوں کو 10 لاکھ کے قریب ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل بنایا جو ڈیجیٹل دنیا میں پاکستان کی صلاحیت اور پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کےلیے گوگل کے عزم کا عکاس ہے۔

آئی ٹی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے اسکاٹ بیومونٹ نے کہا کہ گوگل نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور شعبہ آئی ٹی کے نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کا معاشی بہتری کےلیے استعمال، نوجوانوں کی بڑی آبادی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت گوگل جیسی ٹیک کمپنی کے لیے اہم عوامل ہیں۔

صدر گوگل ایشیاء پیسیفک کا کہنا تھا کہ 2026 تک گوگل پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید