مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پتا نہیں پنجاب حکومت کو مینار پاکستان میں جلسے سے کیا خوف ہے؟
پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مینار پاکستان میں جلسےکا اعلان کیا ہے، پتا نہیں پنجاب حکومت کو مینار پاکستان میں جلسے سےکیا خوف ہے؟
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینی ہے تو مینار پاکستان میں ہی دے، دیکھتے ہیں جلسہ کے لیے کون سی جگہ دی جائے گی۔
اسے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کو لاہور میں جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔