• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی کی برطانیہ کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات ہیں، مقررین

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت سید خورشید بخاری نے پاکستانی کمیونٹی کے چیدہ چیدہ افراد کی معاشرے میں شاندار خدمات کے طور پر ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ تقریب کی صدارت اسکاٹش لیبر پارٹی کے لیڈر انس سرور نے کی جب کہ گلاسگو کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ بیلی کونسلر حنیف راجہ مہمان خصوصی تھے۔ سید خورشید بخاری نے ملک غلام ربانی، میاں نوید قیصر، مرزا امین، ڈاکٹر زبیر احمد ایم پی، ظرف ریاض چوہدری، کونسلر ثاقب احمد، سید ناصر جعفری، عاصم رانا، محمد اظہر اور طاہر انعام شیخ کو زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ پر فخر ہے آپ کی شاندار کارکردگی سے نہ صرف مقامی معاشرے کو فائدہ پہنچا بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے سر بھی فخر سے بلند ہوگئے ہیں۔ سید خورشید بخاری نے کہا کہ کسی زمانے میں نہایت بے سروسامانی کے عالم میں آنے والے ہمارے آباؤاجداد نے ایک بالکل نئے ملک اور نامساعد حالات میں شبانہ روز محنت کرکے ہم لوگوں کیلئے یہاں مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔ آج برطانوی معاشرے میں ہماری چوتھی نسل پروان چڑھ رہی ہے وہ نہ صرف کاروبار بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میڈیکل، انجینئرنگ، اکاؤنٹس، وکالت اور آئی ٹی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سید خورشید بخاری نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ آپ کا تعلق چاہے کسی بھی پارٹی علاقے یا گروپ سے ہے بیرون ملک ہماری پہچان صرف ایک پاکستانی کے طور پر ہونی چاہئے۔ ہمیں اس وقت اتحاد کی اشد ضرورت ہے اور اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس ملک میں ہمارے لئے بے پناہ مواقع ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے کچھ بچے ایسے بھی ہیں جو بے راہ روی ، آوارگی اور جرائم کا شکار بن گئے ہیں، ہمیں بچوں کو اپنے مذہب و ثقافت سے جوڑے رکھنے کیلئے موثر طریقوں سے اپنے تہواروں کو منانا اور روایات کو اپنانا ہوگا۔ عیدالفطر، عید الاضحیٰ، رمضان اور یوم پاکستان کی تقریبات میں اپنے بچوں کو ساتھ لے کر جانے کی ضرورت ہے، آپس میں اتحاد برقرار رکھنے اور تعلقات کو فروغ دینے کیلئے دوستوں کے ساتھ مل کر مضبوط قسم کے سماجی نیٹ ورک بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ نیٹ ورک ایک دوسرے کو جذباتی مدد، مشورے اور دوستی کا ذریعہ بن سکتے ہیں اور بڑے پیمانے پر اس طرح کی محافل سے نہ صرف ہمارا ایک دوسرے سے تعارف ہوتا ہے بلکہ اپنے بچوں کے رشتے طے کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ سید خورشید بخاری نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کے ساتھ گھروں میں اردو زبان بولنے کی ضرورت ہے ان کو پاکستان کے چکر لگواتے رہنا چاہئے اس سے نہ صرف ان کے اپنے رشتہ داروں سے روابط بڑھیں گے بلکہ پاکستان سے محبت بھی بڑھے گی۔ تقریب میں علی حیدر، انس رانا، ناصر خان، ندیم عظمت، رانا وسیم راجپوت، سید ذیشان بخاری، رانا اسد ابرار، سعد سکندر سیال، نثار کھوکھرو دیگر نے بھی خطاب کیا۔

یورپ سے سے مزید