حال ہی میں سیاست میں قدم رکھنے والی اداکارہ کنگنا رناوت کو انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے خلاف جملے بازی کرنے پر وارننگ دے دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس نے بی جے پی کی رکن پارلیمںٹ کنگنا رناوت کے اس الزام پر سخت ردعمل ظاہر کیا کہ ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت نے سونیا گاندھی کو قدرتی آفت کے امدادی فنڈز غیر قانونی طور پر منتقل کیے۔
ہماچل پردیش کے وزیر برائے تعمیرات عامہ وکرم آدتیا سنگھ نے کنگنا کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یا تو اپنے بیان کو واپس لیں یا قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔
انکا کہنا تھا کہ اگر کنگنا اپنا بیان واپس نہیں لیتیں، تو ہم ان پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ کس بنیاد پر انہوں نے ایسا الزام لگایا؟ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ انہوں نے سونیا گاندھی جیسی شخصیت کے خلاف بیان دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک احمقانہ بیان ہے کہ مرکز سے آنے والے فنڈز یا ریاستی ترقیاتی فنڈز سونیا گاندھی کو دیے جا رہے ہیں۔
وکرم آدتیا سنگھ کا کہنا تھا کہ میں کنگنا کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ایک روپیہ بھی منتقل ہونے کا ثبوت پیش کریں یا سونیا گاندھی سے معافی مانگیں۔