مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، بزنس اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو دورۂ چین کی دعوت دی، جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کر لی۔
مریم نواز نے چین کے لیے خصوصی چائنا اکنامک زون قائم کرنے کی پیشکش کی اور چینی سرمایہ کاروں کے لیے مراعات اور آسانیاں پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے برپا کر سکتے ہیں، پنجاب میں چینی دوستوں کا خیر مقدم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کو غربت سے نجات دلانے کے لیے چینی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ چین ہمارا بااعتماد دوست ملک ہے، تعلقات پر فخر ہے، انفرا اسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ چین کی معاونت سے ٹیکنالوجی میں جدت لانا چاہتے ہیں، ڈیری پروڈکشن کے لیے چینی مہارتوں سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ نواز شریف کی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ ہے، سی پیک کے اپ گریڈڈ ویژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیر مقدم کریں گے۔