بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں خاتون کو قتل کر کے لاش کے 30 ٹکڑے ریفریجریٹر میں رکھنے والے ملزم نے خودکشی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ مہالکشمی بنگلورو میں شوہر سے الگ رہائش پذیر تھی، جس کی لاش 21 ستمبر کو بنگلورو کے فلیٹ کے ریفریجریٹر سے ملی تھی، جو 30 ٹکڑوں میں تقسیم تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مہالکشمی کے قتل کے مرکزی ملزم کی شناخت مکتیراجن پرتاپ رائے کے نام سے ہوئی تھی، اس نے اوڈیشہ (سابقہ اڑیسہ) میں خودکشی کر لی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) بنگلورو سینٹرل، شیکھر ایچ ٹیکانا نے اعلان کیا کہ ملزم، مکتیراجن پرتاپ رائے، نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاقب کے دوران اپنی جان لے لی۔
کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشور نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کے پاس ملزم کے اوڈیشہ میں ہونے کی معلومات تھیں، اور اس کی گرفتاری کے لیے متعدد ٹیمیں روانہ کی گئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے رائے کو مرکزی ملزم کے طور پر شناخت کیا اور اس کے فرار ہونے کے بعد اوڈیشہ کے مختلف مقامات پر اس کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا رہا تھا۔
جی پرمیشور نے کہا کہ کیس سے متعلق کئی افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، لیکن دستیاب شواہد کی بنیاد پر رائے کو مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد مزید معلومات حاصل کی جاسکتی تھیں۔