پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے تناؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تمام فریقین امن کو ترجیح دیں۔ اسرائیل نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقدامات کیے۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات کے نتیجے میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوا ہے، اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ترجمان نے کہا لبنان پر حالیہ حملے نے اس کشیدگی میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔ فلسطین، لبنان اور خطے میں بے گناہ شہریوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا فلسطین، لبنان اور خطے کے لوگ خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں، تمام فریقوں کےلیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ پیچھے ہٹیں۔ عالمی برادری کو تناؤ کم کرنے کے لیے تیزی سے اقدمات کرنے چاہئیں۔
ترجمان نے کہا پاکستان لبنان کی خودمختاری کے تحفظ کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے مطالبے کا بھی اعادہ کرتا ہے۔