ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان نے اسرائیل کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے، ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ اب بغیر جوابی حملے کے نہیں ہو سکے گا۔
ایرانی جنرل کا کہنا ہے کہ ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ممالک ناکام رہے، اسرائیل کے اندر جس ہدف کو چاہا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جباری نے کہا ہے کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائل نشانے پر لگے، اسرائیل اور امریکا کے لیے یہ سب بڑا سرپرائز تھا۔
ادھر امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 30 منٹ تک بات چیت کی اور ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا عہد کیا۔