پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما ملک شفقت اعوان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کبھی بھی پاس نہیں ہونے دیں گے۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران ملک شفقت اعوان نے کہا کہ ہمیں کسی نے نہیں چھپایا، ہم خود چھپ کر بیٹھے ہیں، ہماری پوری فیملی کہیں ناکہیں چھپی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھول جائیں پی ٹی آئی کا کوئی ایک ایم این اے ان کا ساتھ دے گا۔ غیر قانونی، غیر آئینی ترامیم کروانا چاہتے ہیں، بھول جائیں یہ کبھی نہیں ہوگا۔
ملک شفقت اعوان نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کبھی بھی پاس نہیں ہونے دیں گے، لوگوں کو 70 سے 100 کروڑ روپے تک آفر کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہی فیصلہ ہے کہ ہم نہیں جائیں، باقی آگے پارٹی کی پالیسی دیکھیں گے۔