ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف دفاع کا حق رکھتے ہیں۔
ایک بیان میں ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے متعدد فوجی مراکز کے خلاف صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر، خاص طور پر اس کے خلاف دھمکی یا طاقت کے استعمال کی ممانعت کے اصول اور ملکوں کی ارضی سالمیت اور قومی خود مختاری کی خلاف ورزی سمجھتی ہے اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہناہے کہ ایران کے اعلیٰ حکام نے بارہا تاکید کی ہے، ایران اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق دار اور پابند ہے۔
وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی ارضی سالمیت اور مفادات کے دفاع کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر یقین رکھتا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے خطے کے تمام ممالک کی انفرادی اور اجتماعی ذمے داری سمجھتے ہوئے خطے اور دیگر تمام امن پسند ممالک کی کوششوں کو سراہتا ہے، جنہوں نے موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے قابض اسرائیلی حکومت کے جارحانہ اقدام کی مذمت کی ہے۔