اسلام آباد (ایجنسیاں)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ‘باغی ارکان کو شوکازنوٹس جاری ‘رکن قومی اسمبلی اسلم گھمن کو اجلاس سےباہر نکال دیا گیا۔
پیرکو جاری اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے جوڈیشل کمیشن میں شرکت کی منظوری دے دی،پارلیمانی پارٹی نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کی تائید کر دی‘اجلاس میں ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول سمیت احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دی گئی ۔
ارکان اسمبلی نے شیڈول کے مطابق احتجاجی جلسوں میں شرکت کا بھرپور عزم کا اظہار کیا ۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف قائم سیاسی مقدمات کی پیروی کیلئے قانونی حکمت عملی پر بھی غور کیاگیا ۔
اعلامیہ میں کہاگیاکہ بانی پی ٹی آئی کی نا حق قید کے خلاف بھرپور اور موثر احتجاج جاری رہے گا‘پارلیمانی پارٹی نے ارکان اسمبلی بالخصوص پنجاب کے ارکان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اعلامیہ کے مطابق تمام ارکان چٹان کی طرح بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جن ارکان نے پارٹی سے غداری کی ان کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔