کراچی ( اسٹاف رپورٹر) منافع کی خاطر فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ کےرحجان میں تبدیلی، کے ایس ای100انڈیکس میں 577 پوائنٹس کی کمی،52.69فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، سرمایہ کاری مالیت 68ارب 77 کروڑ 45لاکھ روپے کم ہو گئی، تاہم کاروباری حجم 1.94فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق کئی روز کی تیزی کے بعد بدھ کو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد مندی ریکارڈ کی گئی،بدھ کو مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے بعد چند منتخب سیکٹرز میں خریداری سے 100انڈیکس ایک موقع پر 1008 پوائنٹس کے اضافے سے 91ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا تاہم دوپہر کے بعد منافع کی خاطر فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس سے صورتحال تبدیل ہو ئی اور انڈیکس 861پوائنٹس تک گھٹ گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 577.52پوائنٹس کی کمی سے 90286.57 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 212.33پوائنٹس کی کمی سے 28343.10 پوائنٹس پرآگیا اور آل شیئرز انڈیکس 282.08 پوائنٹس کی کمی سے 57642.35 پوائنٹس ہو گیا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 446 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا۔