وفاقی وزیرِ نج کاری عبدالعلیم خان کی زیرِ صدارت نج کاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں پی آئی اے کی نج کاری سمیت مختلف امور پر غور اور سفارشات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی آئی اے کی نج کاری کے معاملے کو کابینہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ نج کاری کے معاملات قوانین، ضوابط اور ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہوں گے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نج کاری کے امور کا حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نج کاری کے لیے آئندہ پیشکش کا عمل بہتر سے بہتر بنایا جائے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی بلا تاخیر نج کاری کو آگے بڑھایا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حلف کے پابند ہیں، ملک و قوم کی بہتری کے لیے جو کچھ ہوا ضرور کریں گے، پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ پری کوالیفائی کرنے والے ادارے کو نج کاری کے عمل سے نہیں نکال سکتا۔
علیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نج کاری کے عمل سے سیکھنے اور آئندہ اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اداروں کی نج کاری اور پری کوالیفائی کرنے کے لیے شرائط و ضوابط کو مزید پُرکشش بنایا جائے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نج کاری کے عمل میں ممبران کی شرکت کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔