امریکا کے شہر ہیوسٹن میں ایک تیز رفتار کار اُڑتی ہوئی گھر میں جا گھسی، اس دلخراش حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ہیوسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ پام اسپرنگز ڈرائیو پر فریٹن اسٹریٹ کے قریب صبح ساڑھے 9 بجے پیش آیا۔
حادثے کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر پہلے ایک کھمبے سے ٹکرائی اور پھر ایک گھر کی چھت سے ٹکرا گئی۔
گھر کی چھت سے ٹکرانے کے بعد کار میں آگ بھڑک اُٹھی لیکن خوش قسمتی سے اس خوفناک حادثے میں کار کا ڈرائیور معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔
تیز رفتار کار جس گھر سے ٹکرائی اس گھر میں موجود خاتون ایلوئسا کیوناؤتھ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جب میں نے گھر کے باہر ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی تو یہ میرے لیے خوفناک اور حیران کن لمحہ تھا اور مجھے ایسا لگا جیسے کوئی بم پھٹا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس حادثے کے تھوڑی دیر بعد میں نے دیکھا کہ کار ڈرائیو ہوش میں تھا اور خود ہی کار سے باہر نکل آیا لیکن اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔
خاتون نے یہ بھی بتایا کہ یہ مجھے نہیں معلوم کے ڈرائیور کی حالت اب کیسی ہے، میں بس اتنا جانتی ہوں کہ اسے فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ہیوسٹن پولیس نے ابھی تک یہ نہیں بتایا ہے کہ کار ڈرائیور پر کوئی جرمانہ عائد کیا جائے گا یا نہیں۔