بھارتی گلوکار اور ریپر آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا عرف بادشاہ اپنی پاکستانی دوست شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت سے گھبرا گئے۔
یوں تو بھارتی گلوکار بادشاہ خود کو پاکستانی اداکارہ کا فین کہتے ہیں لیکن دبئی میں منعقدہ کنسرٹ میں ان کی موجودگی سے گھبرا گئے اور ہانیہ کو اسٹیج پر مدعو کرنے سے منع کر دیا۔
اس منظر پر مبنی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
حال ہی میں دیوالی کے موقع پر دبئی کے زعبیل پارک میں 60 ہزار سے زائد افراد نے ہندوستانی تہوار کا جشن منایا۔
اس موقع پر کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف بھارتی گلوکاروں نے پرفارم کیا۔
جہاں بادشاہ نے بھی پرفارمنس دی، تاہم ان کے کنسرٹ میں تمام توجہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر لے اُڑیں۔
کنسرٹ کے دوران صفِ اوّل میں موجود ہانیہ عامر کو جوں ہی کیمرے کی آنکھ نے پکڑا تو اس تقریب میں موجود ہر ایک ان کا ہی نام پکار اُٹھا اور اسٹیج پر آنے کی فرمائش کرنے لگا۔
اس پر بھارتی ریپر کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ یہ میرا شو ہے، میں انہیں اسٹیج پر بلاؤں گا تو یہ شو ان کا ہو جائے گا۔
یہ کہنے کے بعد گلوکار نے کنسرٹ جاری رکھا۔
بعد از پرفارمنس انہوں نے اسٹیج سے اُتر کر خود پاکستانی اداکارہ کو گلے لگایا اور ان سے ملاقات کی، جسے خود ہانیہ عامر نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بھی شیئر کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہانیہ عامر کو بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں بھی دیکھا گیا تھا۔