ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 7 خواتین شامل ہیں۔ واقعے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق پاراچنار سے پشاور جانے والے قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں پر حملے کے ذمے داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔