بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق انہیں ڈی چوک پہنچنا تھا۔
اپنے ایک بیان میں مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے مطابق ڈی چوک میں پارٹی قیادت نہیں تھی، جو بھی ہوا اس کا احتساب اور جواب طلبی بانیٔ پی ٹی آئی کریں گے۔
مشال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے پولیٹیکل کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی نہ ہی شرکت۔
اس سے قبل بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہا تھا کہ کل کی پریس کانفرنس کا بشریٰ بی بی کو بتایا نہیں گیا، انہوں نے پریس کانفرنس سے اتفاق نہیں کیا تھا۔
مریم ریاض وٹو نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ کل شام کو بات ہوئی تو بشریٰ بی بی کا اپنا فون نہیں چل رہا تھا، بات ہوئی تو بشریٰ بی بی نے کہا کہ ان کا فون ان کے پاس نہیں ہے۔
مریم ریاض نے کہا کہ سیاسی کمیٹی میں بشریٰ بی بی آئیں لیکن انہیں مدعو نہیں کیا گیا تھا، بشریٰ بی بی غصے میں نہیں مایوسی کی کیفیت میں تھیں۔