طالبان حکومت نے نیا حکم جاری کرتے ہوئے افغانستان میں خواتین پر صحت کی تعلیم حاصل کرنے کی پابندی عائد کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سینئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان قیادت نے خواتین کو نرسنگ اور دائی کے کورسز سمیت صحت کی تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا ہے۔
وزارت صحت کے حکام نے پیر کو تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات میں اس پابندی سے آگاہ کیا، لیکن کوئی تحریری حکم نامہ تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ افغان طالبان پہلے ہی خواتین کی یونیورسٹی اور ثانوی تعلیم پر پابندی عائد کر چکے ہیں، جس کے بعد شعبہ صحت اور اس کے ادارے خواتین کے لیے واحد تعلیم حاصل کرنے کا ذریعہ تھے۔
برطانیہ کے چارج ڈی افیئرز نے پابندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خواتین کے تعلیم کے حق کی ایک اور توہین ہے۔ یہ پابندی افغان خواتین اور بچوں کے لیے صحت تک رسائی کو مزید محدود کر دے گی۔