جنوبی کوریا کی اپوزیشن جماعتوں نے ناکام مارشل لاء کے بعد صدر یون سک یول کے خلاف مواخذے کی تحریک جمع کرا دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مرکزی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی سمیت 6 اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ صدر کے خلاف مارشل لاء کے نفاذ پر مواخذے کی تحریک جمع کرائی ہے جس پر جمعہ تک ووٹنگ متوقع ہے۔
خیال رہے کہ سیاسی دباؤ کے باعث جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے بدھ کے روز علی الصبح ملک میں نافذ مارشل لاء اٹھا لیا تھا جس کے بعد فوج کی بیرکوں میں واپسی ہوگئی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فوج نے پارلیمنٹ کو گھیر لیا تھا جس پر پارلیمنٹ نے مارشل لاء کے نفاذ کے خلاف ووٹ دیا تھا۔
مارشل لاء لگانے کے بعد پارلیمنٹ تیزی سے حرکت میں آئی، قومی اسمبلی کے اسپیکر وون شیک نے اعلان کیا کہ یہ قانون غلط ہے اور قانون ساز عوام کے ساتھ جمہوریت کا تحفظ کریں گے۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صدر یون سک یول کے اقدام کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ صدر کا اقدام ملک سے غداری ہے، مارشل لاء کا فیصلہ واپس لینے کے بعد انہیں عہدے سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔