گریٹر مانچسٹر/ بولٹن ( نمائندہ جنگ ) بولٹن سے پاکستان نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے برطانیہ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو لکھے گئے خط میں اس مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی۔ خط میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ یورپی یونین کی ایوی ایشن ایجنسی نے پہلے ہی پی آئی اے پر سے اپنی پابندیاں ختم کر دی ہیں۔انہوں نے برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ پر زور دیا ہے کہ وہ اس کی پیروی کرے۔ ایم پی قریشی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے سے برطانوی پاکستانیوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی، جو اس وقت ایسی سروسز کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ خط میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پابندی اٹھانے سے خاندانوں کو اپنے پیاروں کی میتیں پاکستان میں ان کے آبائی علاقوں میں زیادہ سہولت کے ساتھ منتقل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی قابلیت کی تعریف کی، جس نے یورپ میں پابندیاں ہٹانے میں کردار ادا کیا، اور برطانیہ میں بھی اسی طرح کی فوری کارروائی پر زور دیا ہے۔