مشیرِ صحت خیبر پختون خوا احتشام علی نے پارا چنار میں 100 بچوں کی اموات سے متعلق زیرِ گردش خبر کی تردید کر دی ہے۔
احتشام علی نے کرم میں ادویات کی فراہمی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرم میں ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، سوشل میڈیا پر 100 بچوں کی اموات میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایچ کیو پارا چنار، ٹی ایچ کیو صدہ اور بنیادی مراکزِ صحت میں ادویات کی دستیابی یقینی بنائی ہے۔
مشیرِ صحت کے پی کا کہنا ہے کہ ادویات کی فراہمی سے او پی ڈی میں 10 گُنا اضافہ ریکارڈ کیا ہے، کراچی کی تنظیم اور گورنر سندھ کا عطیہ کی گئی ادویات پارا چنار پہنچائی جا رہی ہیں۔
احتشام علی نے یہ بھی کہا ہے کہ ڈھائی ہزار کلو گرام وزنی ادویات آج پارا چنار پہنچائی جا رہی ہیں۔