• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر قانون نے انسانی اسمگلنگ کیخلاف حکومتی اقدامات بتادیے

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف حکومتی اقدامات بتادیے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف مناسب اقدامات نہ ہونے پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا گیا، جس پر وفاقی وزیر قانون نے جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کےخلاف جنگی بنیادوں پراقدامات کررہے ہیں، 2024ء میں انسانی اسمگلنگ کے 3 ہزار 456 مقدمات رجسٹرڈ اور 1 ہزار 638 انسانی اسمگلرز گرفتار کیے گئے۔

اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ 2024ء میں ریڈ بک میں شامل 38 انسانی اسمگلر گرفتار ہوئے جبکہ انسانی اسمگلنگ کے 15 ماسٹر مائنڈ حراست میں لیے گئے، 68 اعشاریہ81 ملین مالیت کے اثاثے بھی منجمد کیے گئے۔

وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ دسمبر 2024ء میں 42 واقعات ہوئے، ایف آئی اے افسران کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں، یونان کشتی حادثے پر 38  افسران کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سزاؤں کو بڑھاکر ناقابل ضمانت کی کیٹیگری میں ڈال دیا گیا، اب صرف نوٹیفائیڈ ججز ان کیسز کو سنیں گے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف انسانی اسمگلنگ کے معاملے پر ہفتہ وار بریفنگ لے رہے ہیں، اس حوالے سے ایک بل بھی لارہے ہیں، پرامید ہیں ایوان ساتھ دے گا۔

قومی خبریں سے مزید