بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے میدانوں پر کھیلنے کا بڑا فائدہ حاصل ہو گا۔
سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے میزبان ٹیم پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ کسی بھی ٹیم کو ان کے اپنے ملک میں ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ 2023ء میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت فائنل میں ہارا لیکن اس سے پہلے ایونٹ میں اس نے مسلسل 10 میچز جیتے تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جو 2 گروپوں میں تقسیم ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔