اوورسیز پاکستانی ویلفیئر کونسل (او پی ڈبلیو سی) کے چیئرمین نعیم نقشبندی کی جانب سے برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ تجارت میں اضافے کے مطالبے پر برطانوی ایلچی برائے تجارت نے تعاون کی یقین دہانی کروادی۔
اوورسیز پاکستانی ویلفیئر کونسل کے چیئرمین نعیم نقشبندی کی قیادت میں ایک وفد نے ممبر برٹش پارلیمنٹ و پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے تجارت محمد یاسین سے ملاقات کی۔ وفد میں حاجی عابد حسین اور چوہدری آفتاب حسین شامل تھے۔
اس موقع پر چیئرمین اوورسیز کونسل نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی کا پیمانہ اس کے پاس موجود وسائل، زرمبادلہ کے ذخائر، معیشت کی مضبوطی، باسیوں کو سہولیات کی فراہمی سے کیا جاتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے۔ اس کے رقبے کا بہت بڑا حصہ قابل کاشت ہے اور ایک جدید نہری نظام سے جڑا ہوا ہے۔ قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کوئلہ کے 175 بلین ٹن ذخائر رکھتا ہے جبکہ قدرتی گیس کے ذخائر کا تخمینہ 885 بلین کیوبک میٹر لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک بہت بڑی افرادی قوت کی سہولت میسر ہے۔ پاکستان کی آبادی کا 64 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں آبادی کا اتنا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ماہرین کے مطابق 2050 تک نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوگا، جس سے افرادی قوت بڑی تعداد میں میسر ہوگی، ان حالات میں پاکستان اور برطانیہ مشترکہ طور پر معیشت میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں اور پاکستان کی زراعت اور موجودہ مثبت حالات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
چیئرمین اوورسیز کونسل نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ ٹریڈ میں اعتماد کرے، تجارت میں اضافہ کرے جس سے پاکستان سے بےروزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین او پی ڈبلیو سی نے ٹریڈ ایلچی محمد یاسین سے کہا کہ آپ پاکستان کی صورتحال کو سمجھیں اور پاکستان برطانیہ کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں اپنا حق ادا کریں۔
اس موقع پر ٹریڈ ایلچی برٹش حکومت محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان میرے خون میں شامل ہے، پاکستان سے والہانہ عقیدت ہے، میرے آبا و اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ میرے ایلچی منتخب ہونے پر جس طرح او پی ڈبلیو سی و دیگر پاکستانی افراد نے خوشی و محبت کا اظہار کیا ہے وہ قابل تحسین و حوصلہ افزاء ہے۔
انکا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور پاکستان کی کمیونٹی کے ساتھ ہوں اور ساتھ نبھاتا رہوں گا اور برطانیہ و پاکستان کے درمیان ترقی اور خوشحالی کےلیے مشترکہ طور پر جدوجہد کروں گا۔ ہمارے عزائم نیک ہیں ہم امن اور ترقی کے لیے کام کریں گے جس کےلیے ہمیں متحد ہونا ہے۔