حال ہی میں پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر شام ادریس نے پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف ایک ویلاگ کے ذریعے سوشل میڈیا پر دھماکا کیا تھا۔
شام ادریس نے 22 منٹ پر مبنی اپنے اس وی لاگ کو ’The Truth about Ducky Bhai | Exposed with Proof‘ کا نام دیا تھا۔
شام ادریس نے اپنے وی لاگ میں سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کے خلاف ناصرف اپنی سابقہ اہلیہ کوئین فروگی بلکہ کچھ یوٹیوبرز کا بھی انٹرویو کیا تھا۔
یوٹیوبر نے دعویٰ کیا تھا کہ میرا یہ وی لاگ 7 سال قبل ڈکی بھائی کے مداحوں کی جانب سے میرے اور میری اہلیہ کے ساتھ کی گئی زیادتی کا جواب ہے، ڈکی بھائی نے ماضی میں جس بنیاد پر مجھے گندی گالیاں دیں اور مجھے برا بھلا کہا آج وہی ڈکی بھائی خود بھی ڈیلی اور فیملی وی لاگنگ کر رہے ہیں۔
شام ادریس نے اس وی لاگ میں 7 سال قبل پاکستان میں اپنے ساتھ ہونے والی بدتمیزی اور اپنی سابقہ اہلیہ کو پڑنے والے تھپڑ پر بھی کھل کر بات کی۔
کینیڈین یوٹیوبر نے ڈکی بھائی کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کچھ وائس کالز بھی اپنے وی لاگ میں بطور ثبوت شامل کیں۔
شام ادریس کے اس وی لاگ کے ردِعمل میں تاحال ڈکی بھائی کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا ہے جس کا ڈکی بھائی بشمول شام ادریس کے فینز کو بھی بے صبری سے انتظار ہے۔
کینیڈین یوٹیوبر کا یہ وی لاگ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔
صافین ناصرف اس پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ نیٹیزنز کی ایک بڑی تعداد اس وی لاگ کو ڈکی بھائی کا زوال قرار دے رہی ہے۔
اس وی لاگ کے بعد ڈکی بھائی کی شہرت کو شدید دھچکا لگا ہے جس کے پیشِ نظر یوٹیوب صارفین کی ایک بڑی تعداد نے ڈکی بھائی کا یوٹیوب چینل اَن سبسکرائب کر دیا ہے۔
متعدد میڈیا رپورٹس اور سوشل اکاؤنٹس کے مطابق چند دنوں کے دوران ڈکی بھائی نے 2 لاکھ 90 ہزار سبسکرائبرز کھو دیے ہیں۔