بھارت کے سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کی گاڑی کو رکشے نے ٹکر مار دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کی شام کو اس حادثے کے بعد کوچ راہول ڈریوڈ اور رکشہ ڈرائیور کو بنگلور شہر کی سڑک پر بحث کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
راہول ڈریوڈ اس موقع پر سخت ناراض دکھائی دیے اور رکشہ ڈرائیور سے مقامی زبان کناڈا میں بحث کر رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ گاڑی خود راہول ڈریوڈ چلا رہے تھے یا ان کا ڈرائیور۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹریفک میں پھنس جانے کی وجہ سے رکشہ ڈرائیور نے گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری تھی جس کے بعد بحث شروع ہوئی اور وہاں سے جانے سے پہلے انہوں نے رکشہ ڈرائیور کا نمبر لے لیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے کا کوئی مقدمہ بھی درج نہیں کرایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ بہت ہی معمولی تھا کہ اس میں دونوں میں سے کسی گاڑی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔