• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں یومِ شہادتِ حضرت علی ؓ کے جلوس برآمد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک بھر میں آج دامادِ رسول حضرت علی رضی اللّٰہ عنہ کا یومِ شہادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں اسی مناسبت سے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

کراچی: یوم علیؓ کا جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں

کراچی میں یوم  علی رضی اللّٰہ عنہ کے سلسلے میں مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے نکالا گیا ہے۔

 یوم علیؓ کے حوالے سے مرکزی مجلس سے علامہ ریحان حیدر رضوی نے خطاب کیا جس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوا۔

جلوس کے شرکاء نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نمازِ ظہرین ادا کی۔

مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہو گا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، شرکاء کی جامع تلاشی کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے اہلکار تعینات ہیں۔

 جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کی مدد سے جلوس کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

کراچی میں ٹریفک کی صورتِحال

یومِ علیؓ کے جلوس کے موقع پر ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک ٹریفک کے لیے بند ہوگی، ناظم آباد سے آنے والا ٹریفک گارڈن جبکہ لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی، لسبیلہ اور سینٹرل جیل موڑا جائے گا۔

 حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے ٹریفک کشمیر روڈ بھیجا جائے گا، شاہراہ قائدین سے بھی ٹریفک کشمیر روڈ بھیجا جائے گا ۔

 کمشنر کراچی کی جانب سے بھی یومِ علیؓ کے موقع پر کراچی ڈویژن میں دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ملتان: یوم علیؓ کا جلوس ناصرآباد سے برآمد

ملتان میں یوم علی رضی اللّٰہ عنہ کے موقع پر مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصرآباد سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس چوک گھنٹہ سے ہوتے ہوئے نمازِ مغرب کے بعد آستانہ لال شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور : مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن

لاہور میں بھی یوم شہادت حضرت علی رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ  کا جلوس چوک رنگ محل سے پانی والا تالاب کی طرف روانہ ہو گیا، اس موقع پر  سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جلوس ترنم سنیما، چوک فقیر خانہ، بازار حکیماں، اندرونِ بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچے گا۔

جلوس کے شرکاء نے رنگ محل چوک میں نمازِ ظہرین ادا کی۔

گلگت: یومِ علیؓ کا جلوس قاسم پورہ سے برآمد

گلگت میں یومِ شہادتِ حضرت علیؓ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قاسم پورہ سے برآمد ہو گیا۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امامیہ جامع مسجد پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید