• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”اَمن اور آزادی میں فرق ہوتا ہے، یہ بات درست ہے نا؟ عین ممکن ہے کہ کسی معاشرے میں ناانصافی ہو اور اُس معاشرے میں اَمن بھی ہو۔ ایسا ہوتا ہے! آپ کے پاس یہ آپشن بھی ہے کہ آپ کو قید کر دیا جائے اور آپ پُرامن رہیں۔‘‘

’’ہاں، یہ ہو سکتا ہے۔‘‘

’’گویا محض اَمن کی دہائی دینا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے؟‘‘

’’نہیں، بے شک نہیں۔‘‘

’’تو پھر ہمیں آزادی کی بات کرنی چاہیے نا کہ خالی خولی اَمن کی؟ اَمن تو آپ سفید فام لوگوں کی بنائی ہوئی اصطلاح ہے۔ آزادی ہمارا لفظ ہے۔‘‘

’’ہاں ٹھیک ہے مگر آخر کار آپ کو بھی تو اَمن ہی چاہیے۔‘‘

’’ہاں، لیکن وہ اَمن اُس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک ہمیں برابری کا درجہ نہیں دیا جاتا۔‘‘

’’لیکن اِس وقت تو آپ آزاد ہی لگ رہے ہیں۔‘‘

’’(مسکراتے ہوئے) دراصل میں اِس وقت پُراَمن ہوں۔‘‘

’’آپ آزاد لگ رہے ہیں۔‘‘

’’نہیں، میں فقط پُراَمن ہوں۔‘‘

یہ مکالمہ شخصی آزادیوں کے علمبردار سیاہ فام امریکی کارکُن سٹوکی کارمائیکل کا ہے جو ایک ڈاکیومنٹری میں دکھایا گیا۔اِس مکالمے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا۔ جس سہل اور سادہ اندا ز میں سٹوکی نے اپنا مقدمہ بیان کیا وہ قابل رشک ہے۔ یہ مکالمہ اس بات کا مظہر ہے کہ سٹوکی نام نہاد لبرل نقطہ نظر سے مایوس تھا اور اپنی قوم کی آزادی کیلئےفلسفہ عدم تشدد یا پُراَمن جدوجہد کو ڈھکوسلہ سمجھتا تھا کیونکہ اُس کے نزدیک یہ سفید فام اقوام کی اختراع کی ہوئی اصطلاحیں تھیں جو وہ اپنی سہولت کے مطابق جبر و استبداد کو جواز فراہم کرنےکیلئے استعمال کرتے ہیں۔ سٹوکی کارمائیکل کی جدوجہد یا اُس کے فلسفہ آزادی سے متعلق اگر آپ مزید جاننا چاہتے ہیں تو گوگل کر لیں، میں نے اِس مضمون کا پیٹ اُس کے حالاتِ زندگی لکھ کر نہیں بھرنا۔

دنیا میں جب بھی کہیں کوئی بم دھماکہ ہوتا ہے، خود کُش حملہ ہوتا ہے، ٹرین یا ہوائی جہاز کو اغوا کیا جاتا ہے یا کوئی دہشت گرد فائرنگ کرکے لوگوں کو ہلاک کرتا ہے تو اُس کا کچھ نہ کچھ پس منظر ہوتا ہے۔ خواہ مخواہ راہ چلتے لوگوں کو گولیاں مارنے والے نفسیاتی مریضوں سے قطع نظر، باقی جتنے بھی واقعات ہوتے ہیں اُن کے پیچھے کوئی نہ کوئی بیانیہ ہوتا ہے جو اُس حملے کا محرّک بنتا ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ کسی صبح کوئی دِل جلا اٹھتا ہے اور ٹرین اغوا کرکے چار سو لوگوں کو محض اِس لیے یرغمال بنا لیتا ہے کہ آج اُس نے جاب پر نہیں جانا تھا اور اُس کے پاس کرنے کیلئے کوئی اور کام نہیں تھا۔ یہ بیانیہ ہی ہوتا ہے جو کسی بھی تحریک کیلئے ایندھن کا کام کرتا ہے، اسی بیانیے سے متاثر ہو کر لوگ اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہیں کیونکہ انہیں یقین دلا دیا جاتا ہے کہ وہ ایک اعلیٰ و ارفع مقصد کیلئے زندگی قربان کریں گے اور اَمر ہو جائیں گے۔ یہ مقصد علیحدہ وطن کا حصول ہو سکتا ہے، کسی خطے کی آزادی ہو سکتی ہے، اپنی نسل کے لوگوں کیلئےمساوی حقوق کا مطالبہ ہو سکتا ہے یا پھر مذہب کی من مانی تشریح کو مسلط کرنا ہو سکتا ہے۔ کسی شخص کو اِس بات پر آمادہ کرنا کہ وہ اپنا گھر بار چھوڑ کر اور موت کے خوف سے بے نیاز ہو کر کسی مقصدکیلئے ریاست کے خلاف برسرپیکار ہو جائے، کوئی آسان کام نہیں۔ اور پھر بات محض ایک شخص یا چند اشخاص کی نہ ہو بلکہ کسی قوم کی بڑی تعداد ایک بیانیے سے متاثر ہو جائے اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھا لے تو اُس بغاوت کو شکست دینے کیلئےریاست کو صرف طاقت کا استعمال ہی نہیں کرنا ہوگا بلکہ اُس بیانیے کا توڑ بھی کرنا پڑے گا جو اُس بغاوت کا سبب بنا ہوگا۔ آج سے چالیس پچاس سال پہلے کی دنیا مختلف تھی، اُس وقت حریت کی تحریکوں کیلئے کوئی نہ کوئی نرم گوشہ ہوا کرتا تھا، مگر 9/11 کے بعد دنیا تبدیل ہو چکی ہے، اب بسوں سے مسافروں کو اتار کر قطار میں کھڑا کرکے گولیوں سے بھوننے والوں کو کوئی حریت پسند نہیں کہتا، انہیں صرف دہشت گرد کہا جاتا ہے۔لیکن بات صرف انہیں دہشت گرد کہنے سے ختم نہیں ہوگی، ریاست کو اُس بیانیے کا رد کرنا ہوگا جس کی وجہ سے یہ سوچ جنم لیتی ہے۔

آج کے اخبارات دیکھے تو پتا چلا کہ ریاست نے بالآخر اِس بیانیے کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دیر آید درست آید۔ ایک دو سرخیاں ملاحظہ ہوں۔ ’’نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے کو مضبوط کرنے پر اتفاق۔ قومی نصاب میں دہشت گردی کے حوالے سے آگاہی شامل کرنے کا فیصلہ۔‘‘ اچھی بات ہے مگر یہ بیانیہ ہوگا کیا؟ اگر تو اِس میں وہی باتیں ہوئیں کہ کوئی مسلمان مسجدوں میں بم دھماکہ نہیں کر سکتا یا کوئی محب وطن بے گناہوں کو خون نہیں بہا سکتا تو اِس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ایک مثال سے بات واضح ہو جائے گی۔ پاکستان کے متعدد لیڈران یہ بات کہہ چکے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ دراصل پرائی جنگ تھی، سوال یہ ہے کہ اگر یہ پرائی جنگ تھی تو اِس میں جاں بحق ہونے والے ہزاروں افراد کا خون کس کے سر پر ہے اور اِن جرائم کا ارتکاب کرنے والوں، اِن کے خلاف لڑنے والوں اور اِن کے خلاف نہ لڑنے والوں کے متعلق شریعت کا کیا حکم ہے؟ یہ اُس بیانیے کی ایک چھوٹی سی جھلک ہے جو مذہبی تنظیمیں بناتی ہیں اور جس کی بنیاد پر وہ عام مسلمان کی ہمدردیاں سمیٹ کر انہیں گمراہ کرتی ہیں۔ اِن کا بیانیہ بظاہر مدلل ہے مگر گہرائی میں جا کر پڑتال کریں تو اِس میں بے شمار سقم مل جائیں گی جنہیں بے نقاب کرکے اِس بیانیے کی ساکھ کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔ آج کی تاریخ میں کوئی ایسا ٹی وی چینل، فیس بُک پیج، یو ٹیوب چینل نہیں ہے جہاں آپ کو اِس مذہبی بیانیے کو رد کرنے کا مواد مل سکے۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر ایسے چینل بھی ہونے چاہئیں جو نام نہاد حریت پسندی کا پردہ چاک کر سکیں اور عوام کو بتا سکیں کہ اصل میں یہ دہشت گردی کی بد ترین شکل ہے جسے تحریک آزادی کا خوبصورت لبادہ پہنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ بیانیے تشکیل دینا کوئی آسان کام نہیں مگر ریاست کیلئے کچھ ایسا مشکل بھی نہیں، اگر Ragtag قسم کی تنظیمیں یہ کام منظم انداز میں کرسکتی ہیں تو ریاست، جس کے پاس لامحدود وسائل ہوتے ہیں، یہ کام کیوں نہیں کر سکتی؟ میرا حسن ظن ہے کہ اب یہ کام کرنے کی سنجیدہ کوشش کی جائے گی، باقی دیکھتے ہیں پردہ غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے۔

تازہ ترین