ایک پرانی ویڈیو جس میں ایک ننھا ہاتھی خوشی خوشی کیچڑ بھری پہاڑی سے پھسلتا دکھائی دیتا ہے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر دل جیت رہی ہے۔
یہ ویڈیو سب سے پہلے 2017 میں سامنے آئی تھی لیکن حال ہی میں دوبارہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وائرل ہوگئی اور انٹرنیٹ صارفین کو مسحور کر رہی ہے۔
برطانوی ٹیبلائیڈ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ دل موہ لینے والا منظر چین کے صوبہ یونان میں واقع یونان ایشین ایلیفنٹ ریسکیو سینٹر میں فلمایا گیا جو میانمار کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ننھا ہاتھی جنگل میں گھومتے ہوئے ایک نرم ڈھلوان پر پہنچتا ہے۔ عام طور پر نیچے اترنے کی بجائے وہ ایک شرارتی فیصلہ کرتا ہے اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ڈھلوان سے پھسلتا ہوا نیچے آتا ہے اور ہر لمحے کا لطف اٹھاتا ہے۔
اگرچہ جسمانی لحاظ سے چھوٹا ہاتھی خاصا بھاری بھرکم ہوتا ہے لیکن وہ حیران کن پھرتی سے نہایت خوشی سے پھسلتا ہے جس نے دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔
یہ ویڈیو 'نیچر اِز امیزنگ' نامی اکاؤنٹ نے دوبارہ شیئر کی اور اب تک ایکس پر 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد بار دیکھی جا چکی۔
صارفین اس ویڈیو پر خوشی سے جھوم اٹھے۔ ایک صارف نے لکھا، "یہ وہ مواد ہے جس کی ہمیں آج کے دور میں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔" ایک اور نے کہا، "اگر اس ویڈیو کو دیکھ کر آپ کے چہرے پر مسکراہٹ نہ آئے، تو پتہ نہیں کیا آئے گا!"
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا، "میں جب ویک اینڈ کی طرف بڑھتا ہوں، بالکل ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔"