ترکیہ میں گزشتہ روز زلزلہ آنے پر ایک اینکر کے لائیو ٹی وی شو کے دوران خوفزدہ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترکیہ میں زلزلہ آنے پر استنبول کے اسٹوڈیو میں جاری لائیو ٹی وی شو کی اینکر پرسن میلتم بوزبیوگلو بہت زیادہ خوفزدہ ہو گئیں یہاں تک کہ اُنہوں نے لائیو شو کے دوران اپنے پروڈیوسر سے اپنی والدہ کو کال کرنے کی درخواست کر دی۔
اُنہوں نے گھبراہٹ میں لائیو شو کے دوران کہا کہ میں 32 سال کی ہوں اور یہ پہلا موقع ہے جب میں نے اتنے شدید زلزلے کو محسوس کیا ہے۔
میلتم بوزبیوگلو نے کچھ دیر رُک کر خود کو سنبھالنے کے بعد ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں خوفزدہ ہو گئی تھی، اگر میری وجہ سے آپ کو گھبراہٹ محسوس ہوئی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترکیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور وہ عمارتوں سے باہر نکل آئے تھے۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز استنبول سے 73 کلومیٹر دور 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔