لاہور( اپنے نامہ نگار سے، خصوصی نمائندہ) پنجاب حکومت نے صوبے میں عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل عوامی تحفظ کیلئے اہم فیصلہ لیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحی کے دوران عارضی نصب ہونیوالے مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔حکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں قائم تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کو پابندی سے استثناء ہو گا البتہ مستقل نصب مکینیکل جھولوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ احکامات کے مطابق صوبہ بھر میں قائم تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ تصدیق کرے گی کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظت کے ضروری معیارات پر پورا اترتا ہے محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ مستقل نصب جھولے جنکے تمام سکیورٹی پروٹوکولز پر عمل کیا جا رہا ہے ان پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ عارضی طور پر نصب کیے جانے والے اور پھیری والے مکینیکل جھولوں پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے کیا گیا۔ عید الاضحی کی تعطیلات میں شہریوں خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد مکینیکل جھولوں کا استعمال کرتی ہے۔ عارضی نصب جھولے سکیورٹی پروٹوکولز کے مطابق نہیں ہوتے اور اوور لوڈنگ سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا جاتا ہے۔ اسی لیے عید تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔