لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حکومت عید الاضحی کے موقع پر کنٹرول پرائس پر اشیاء کی کوالٹی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ وہ کاہنہ کاچھا مارکیٹ اور سہولت بازار وحدت کالونی کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مارکیٹ کمیٹی آفس کاہنہ میں کمپیوٹرائزڈ پرائس مشین چیک کی جو ناکارہ تھی۔ انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ اسے فوری مرمت کر کے آپریشنل کیا جائے۔اس کے بعد انہوں نے پیاز، آلو اور کیلے کے شیڈوں کا دورہ کیا تاکہ موقع پر بولی سسٹم کا مشاہدہ کیا جا سکے اور آڑتھیوں کے ساتھ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کیلے کے کولڈ سٹوریج کو بھی چیک کیا انہوں نے گیٹ پر کمپیوٹرائزڈ انٹری سسٹم کو بھی چیک کیا اور تمام اندراجات الیکٹرانک طور پر دینے کی ہدایت کی تاکہ چوری کے امکانات کو کم کیا جاسکے۔ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نے تمام ہدایات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر تعمیل رپورٹ پیش کریں گے۔بعد ازاں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سہولت بازار وحدت کالونی کا دورہ بھی کیا۔