کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیونیوزکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جی سیون اجلاس میں مدعو نہ کئے جانے پر مودی نئے تنازع کی زد میں آگئے۔نریندر سرینڈر، راہول گاندھی کا وزیراعظم مودی پر طنز، پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی پاک بھارت کشیدگی اب کئی سطحوں پر پھیل چکی ہے۔پہلے یہ کشیدگی عسکری تصادم میں بدلی، اور اب یہ دونوں ممالک کے درمیان ایک بھرپور سفارتی جنگ کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ بھارت نے سات سفارتی وفود مختلف ممالک میں روانہ کیے جب کہ پاکستان نے بھی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور سفارتی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت پاکستانی وفود نے اقوام متحدہ، امریکا، روس، چین اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بھارتی جارحیت کے خلاف موٴقف پیش کیا ہے۔ کراچی کی ملیر جیل سے 216 قیدیوں کے فرار کا ہولناک واقعہ، جس میں ایک قیدی کی ہلاکت، پولیس اہلکاروں کی زخمی ہونے کی اطلاعات، اور اعلیٰ سطح کی معطلیاں شامل ہیں۔ شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بھی صورت حال خاصی نازک ہے۔