• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ ویمنز نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

انگلینڈ ویمنز نے ویسٹ انڈیز کو ایک اور شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔

جونز اور بیومونٹ نے ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کی بولنگ کا بھرکس نکال دیا، پہلی وکٹ پر مسلسل ڈبل سنچری کی شراکت داری قائم کی۔

انگلینڈ کی نئی تشکیل شدہ وائٹ بال اوپننگ جوڑی ایمی جونز اور ٹیمی بیومونٹ اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے ایک اور ڈبل سنچری شراکت کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو دوسرے ویمنز ون ڈے میں بھی بھاری شکست دینے میں کامیاب رہیں۔

اس شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔

ڈربی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں 222 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد، جونز اور بیومونٹ نے ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کی بولنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے میں بھی پہلی وکٹ کے لیے 202 رنز جوڑے۔

مہمان ٹیم جو پہلے ہی ناقص فارم کا شکار تھی، اپنی کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر ہیلی میتھیوز اور اوپنر کیانا جوزف کی عدم دستیابی کی وجہ سے مزید کمزور ہو گئی، جس سے ان کا ٹاپ آرڈر بری طرح متاثر ہوا۔

وکٹ کیپر بیٹر ایمی جونز، جنہوں نے اپنے کیریئر کا زیادہ تر وقت مڈل اور لوئر آرڈر میں گزارا ہے، بطور اوپنر نئی ذمے داری میں خوب نکھر کر سامنے آئی ہیں۔

انہوں نے صرف 98 گیندوں پر 129 رنز بنائے، جس میں 20 چوکے شامل تھے، اس سے کچھ دن پہلے ہی انہوں نے ڈربی میں 122 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی پہلی ون ڈے سنچری اسکور کی تھی۔

ان کی ساتھی اور تجربہ کار اوپنر ٹیمی بیومونٹ نے بھی مسلسل دوسری سنچری اسکور کی اور چھکے کے ساتھ اننگز کا اختتام کیا۔

یہ ان کے کیریئر کی 12ویں ون ڈے سنچری تھی، جس سے وہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والی ویمن کرکٹر بن گئی ہیں۔

ان دونوں کی لگاتار 2 ڈبل سنچری شراکتیں انہیں آسٹریلیا کی میگ لَیننگ اور ایلیس پیری کی جوڑی کے برابر لے آتی ہیں، جنہوں نے ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

انگلینڈ کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ نچلے آرڈر تک جاری رہا، جہاں ایما لیمب نے 55 رنز کی تیز اننگز کھیلی، جبکہ سوفیا ڈنکلی نے 19 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جس سے انگلینڈ نے 50 اوورز میں 366/6 کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔

367 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی کمزور ٹیم جلد ہی بکھر گئی اور محض 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے واحد روشن پہلو ڈیبیو کرنے والی اوپنر ریالیانا گرِمنڈ تھیں، جنہوں نے 72 گیندوں پر پُراعتماد 53 رنز بنائے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر جینیلیا گلاسگو نے 24 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے ایلس کیپسی نے شاندار بولنگ کی اور 8.3 اوورز میں 42 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لارن فیلر اور لِنزی اسمتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

بیل، کراس اور ڈیوڈسن رچرڈز کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی اور یوں انگلینڈ نے یہ میچ 143 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔

ایمی جونز اپنی شاندار اور برق رفتار سنچری کے باعث پلیئر آف دا میچ کے ایوارڈ کی حق دار قرار پائیں۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ ہفتہ 7 جون کو ٹاؤنٹن میں کھیلا جائے گا، جہاں انگلینڈ کی ٹیم مکمل وائٹ واش کا ہدف لے کر میدان میں اترے گی، جبکہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-3 سے جیت چکی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید