• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے شوہر پر الزامات ہیں جنہیں ابھی ثابت ہونا ہے، وہ مجرم نہیں ہیں: نادیہ حسین

اسکرین گریب
اسکرین گریب 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، ماڈل و کاروباری شخصیت نادیہ حسین نے کہا ہے کہ میرے شوہر پر الزامات ہیں جنہیں ابھی ثابت ہونا ہے، وہ مجرم نہیں ہیں۔

اداکارہ نادیہ حسین نے ایک یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیا، اس دوران انہوں نے ناصرف متعدد سوالات کے جواب دیے اور مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی بلکہ اپنے شوہر سے متعلق اٹھنے والے حالیہ تنازع پر بھی ردِ عمل کا اظہار کیا۔

نادیہ حسین نے اپنے شوہر کی گرفتاری اور ان پر لگنے والے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا بھر میں الزامات ثابت ہونے پر ملزم کو مجرم ٹھہرایا جاتا ہے جبکہ ہمارے ملک میں الزامات لگنے پر ہی ملزم کو مجرم قرار دے دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی الزامات لگے ہیں، الزامات کوئی بھی لگا سکتا ہے، وہ الزامات ثابت بھی کرنے ہوتے ہیں، ابھی کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا ہے، الزامات کا معاملہ جج اور عدالت نے دیکھنا ہے مگر یہاں میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین بھی منصف بن کر آپ کو مجرم قرار دے دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کی ضمانت ہو رہی ہے، بیچ میں بہت سے مسائل آ گئے تھے جن کی وجہ سے کیس آگے نہیں بڑھ سکا۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے بتایا کہ ان کے اوپر اس کڑے وقت میں کچھ لوگوں کی اصلیت کھل کر سامنے آئی ہے، وہ لوگ دوستوں اور رشتے داروں میں سے نہیں ہیں بس ان سے پیشہ ورانہ تعلق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بہت زیادہ اس مسئلے پر ردِ عمل نہیں دے سکتی ہوں مگر یہ سارا معاملہ تحقیقات کا ہے، تحقیق ہوگی تو انشاء اللّٰہ انصاف بھی ملے گا۔

دورانِ انٹرویو اداکارہ نے عدالتوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کیس میں بہت سارے لوگوں کے نام سامنے آئیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید