مصنّف: شاہد راحیل خان
صفحات: 125، قیمت: 800 روپے
ناشر: گرد وپیش پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 67080423 - 0318
یہ شاہد راحیل کے نئے کتابی سلسلے کا پہلا حصّہ ہے، جس میں قیامِ پاکستان سے لے کر 1970ء تک کی تاریخ کو مختصر، مگر جامعیت کے ساتھ محفوظ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مصنّف بنیادی طور پر بینکر ہیں، جب کہ ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد وکالت کے پیشے سے وابستہ ہوئے۔ اخبارات میں کالمز بھی لکھتے رہے ہیں۔
اُن کا زیرِ نظر کتاب سے متعلق کہنا ہے کہ’’اِن سطور میں جو کچھ تحریر کیا گیا ہے، اُس سے اتفاق یا اختلاف کا حق قارئین کو حاصل ہے، مَیں نے اپنی رائے دینے سے گریز کیا ہے کہ تاریخ اپنے کرداروں کا تعیّن اور اُن کے اثرات خود مرتّب کرتی ہے۔‘‘جو افراد ضخیم کتب سے گھبراتے ہیں، اُن کے لیے اِس طرح کی ہلکی پُھلکی، مگر عُمدہ کتب، مفید رہتی ہیں۔